ڈاکٹر عظمیٰ قریشی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر مقرر
لاہور کالج فار ویمن کی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کو وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا ایڈیشنل چارج دے دیا گیا۔ ان کا تقرر تین ماہ یا مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک کیلئے کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر کی منظوری کے بعد ایچ ای ڈی نے ان کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں سب سے سینئر پروفیسر اور ڈین آف ایجوکیشن ہیں۔ اس سے قبل دو یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلر رہ چکی ہیں جن میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور ویمن یونیورسٹی ملتان شامل ہیں۔ کانوینٹ سکول اور کنئیرڈ کالج لاہور سے روائتی تعلیم کے بعد انہوں نے برمنگھم یونیورسٹی یو کے سے ایجوکیشن مینجمنٹ اینڈ پلاننگ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور کیمبرج یونیورسٹی سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کیا۔ وہ 2010 میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں پروفیسر آف ایجوکیشن تعینات ہوئیں۔ 2015 میں گورنر پنجاب نے انہیں ڈین آف ایجوکیشن مقرر کیا۔